صوبائی وزیر زراعت پنجاب سید عاشق حسین کرمانی کا سیلاب سے متاثرہ علاقوں کا دورہ۔
صوبائی وزیر زراعت نے ریسکیو اور فلڈ ریلیف سرگرمیوں کا جائزہ لیا، متاثرین سیلاب کے مسائل دریافت کئے،فوری امداد اور بحالی کے اقدامات تیز کرنے کی ہدایت
حکومت پنجاب اس مشکل صورتحال میں عوام کو تنہا نہیں چھوڑے گی۔سیلاب زدگان کی مکمل بحالی تک ریلیف آپریشن جاری رہے گا۔
وزیر زراعت و لائیو سٹاک پنجاب سید عاشق حسین کرمانی
ملتان 31 اگست 2025:وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایت پر وزیر زراعت پنجاب سید عاشق حسین کرمانی نے ضلع اوکاڑہ، ساہیوال اور پاکپتن میں سیلاب سے متاثرہ علاقوں کا دورہ کیا۔اس دورہ کے دوران وفاقی وزیر آبی وسائل میاں منظور وٹو بھی اُن کے ہمراہ تھے۔صوبائی وزیر زراعت نے راوی کے علاقے داد بلوچ، رادھا کلاں بیراج،ہیڈ سلیمانکی اور دریائے ستلج میں سیلابی صورتحال کا جائزہ لیا۔اس موقع پر آر پی او ساہیوال ڈویژن محبوب رشید،کمشنر ساہیوال ڈویژن ڈاکٹر آصف طفیل،ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر ساہیوال محمد راشد ہدایت اور ڈپٹی کمشنر ساہیوال احمد عثمان جاوید بھی موجود تھے۔
اس موقع پر دونوں وزراء نے ہیڈ سلیمانکی پر دریائے ستلج کے حفاظتی بند کا معائنہ بھی کیا۔وزراء نے کنٹرول روم کا دورہ بھی کیا جہاں ریسکیو اینڈ ریلیف آپریشن پر تفصیلی بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ متاثرہ علاقوں میں ریلیف کیمپس قائم کر دئیے گئے ہیں جہاں سیلاب متاثرین کو کھانے پینے،علاج معالجہ اور عارضی رہائش فراہم کی گئی ہے۔اس کے علاوہ انخلاء کے عمل کو موثر اور بروقت بنانے کیلئے ریسکیو ٹیمیں مسلسل کام کر رہی ہیں۔اس موقع پر صوبائی وزیر زراعت پنجاب سید عاشق حسین کرمانی نے متاثرہ عوام کی فوری امداد اور بحالی کے اقدامات تیز کرنے کی ہدایت کی۔
بعدازاں، وزیر زراعت پنجاب سید عاشق حسین کرمانی نے فلڈ ریلیف کیمپس کا دورہ بھی کیا اور جاری سرگرمیوں میں خود شریک ہوئے۔ اس موقع پرسید عاشق حسین کرمانی نے کہا کہ حکومت پنجاب اس مشکل صورتحال میں عوام کو تنہا نہیں چھوڑے گی۔وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف بذاتِ خود ریلیف آپریشنز کی نگرانی کر رہی ہیں اور سیلاب زدگان کی مکمل بحالی تک یہ ریلیف آپریشن جاری رہے گا۔انھوں نے ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ فلڈ ریلیف اور ریسکیو آپریشن کیلئے ضروری مشینری اور عملہ مکمل طور پر موجود رہے گا تاکہ سیلاب زدگان کو فوری امداد فراہم کی جا سکے۔صوبائی وزیر زراعت نے مزید کہا کہ سیلاب زدگان کی امداد اور انخلاء کیلئے تمام دستیاب وسائل و ذرائع بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔سید عاشق حسین کرمانی نے متعلقہ افسران کو عوام کو ہر ممکن سہولت فراہم کرنے کی ہدایت بھی کی۔



تبصرے
ایک تبصرہ شائع کریں